رحیم یار خان، 07 جون (اے پی پی):کسانوں کو کھاد کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کے لئے حکومت پنجاب کا احسن اقدام،چار تا پانچ یونین کونسل پر مشتمل تشکیل دیئے جانے والے کلسٹر پر کسانوں کو ضروت کے مطابق کھاد1850روپے میں دستیاب ہو گی۔
ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضانے محکمہ زراعت کی جانب سے بنائے گئے یونین کونسل کلسٹرز پر کھاد کی فروخت کے عمل کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں کسانوں کی سہولت کے لئے 33سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ایک کلسٹرچار تا پانچ یونین کونسل پر مشتمل ہے۔یونین کونسل سطح پر تشکیل دیئے گئے کلسٹرز پر کسانوں کو کھاد فی بوری 1850روپے میں دستیاب ہے ۔انہوں نے کہا کہ کلسٹر پر محکمہ زراعت، مال اور کسانوں کی نمائندگی کے لئے نمبردار موجود ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ زراعت، مال اور نمبردار ضروری جانچ پڑتال کے بعد کسانوں کو ضرورت کے مطابق کھاد فروخت کر رہے ہیں۔محکمہ زراعت کو ہدایت کی ہے کہ ہر پوائنٹس پر کسانوں کی سہولت کے لئے بیٹھنے اور پینے کے ٹھنڈے پانی کا مناسب انتظام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کھاد کی مقررہ نرخوں سے زائد پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔کسان انتظامیہ کی جانب سے بنائے گئے کھاد سیل کلسٹر پر آکر اپنی ضرورت کے مطابق کھاد خریدکرسکتے ہیں،کھاد کی مقررہ نرخوں سے زائد فروخت پر کسان اپنے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز یا زراعت افسران کو فوری شکایت کریں۔
اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اقرار حسین بھی ہمراہ موجو دتھے۔











