چنیوٹ،یکم جون (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر فیصل آبادبابرسرفراز نے ضلع چنیوٹ کا دورہ کیا۔پولیس کے چاک و چوبند دستے نے آرپی او کو سلامی دی۔آرپی او نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی شہداء پولیس کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
آر پی او بابرسرفرازالپا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ کیپٹن(ر)محمد عامر خان نیازی کے ہمراہ پولیس افسران سے کرائم میٹنگ کی۔میٹنگ میں ڈی ایس پیز،ایس ایچ اوز،آرپی او دفتر،ڈی پی او دفترکے افسران اور دیگر افسرا ن نے شرکت کی۔دوران میٹنگ ضلع میں امن و امان کی صورتحال،زیرتفتیش مقدمات،کرائم کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
آر پی او نے ماہ اپریل میں تھانہ وائزکرائم،زیرتفتیش مقدمات کی صورتحال،سرکل افسران،ایس ایچ اوز کی کارکردگی،ریکارڈ کا جائزہ لیا۔انہوں نے پولیس افسران کو اپنی کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت کی۔
آر پی او نے تھانہ جات کاکمپیوٹرائزڈ و مینؤل ریکارڈ ایس او پیز کے مطابق اپ ٹو ڈیٹ رکھنے کی ہدایت کی۔زیرتفتیش مقدمات کو مقررہ وقت کے اندر انصاف کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے یکسو کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
آرپی او نے پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ جات میں لوگوں کی دادرسی کو یقینی بنایا جائے،لوگوں کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ مویشی چوری،سٹریٹ کرائم،موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔امن و امان برقرار رکھنے کیلئے موثر سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ڈیٹا اینالسز کی بنیاد پر کرائم پاکٹ ایریا ز میں چوروں،ڈکیتوں کیخلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں کی جائیں اور ریکوری کرکے مدعیان کے حوالے کی جائے۔
ریجنل پولیس آفیسر فیصل آبادبابرسرفراز نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے وژن کے مطابق انصاف کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے پبلک سروس ڈلیوری کو بہتر کیا جائے۔بدمعاشوں،عادی مجرمان کی ہسٹری شیٹس تھانوں کے رجسٹر ہائے میں اپڈیٹ کیے جائیں۔بدمعاشوں،قبضہ مافیا،قبضہ مافیا کی سرپرستی کرنے والے افراد کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔قانون کے برابر نفاذ پر عملدرآمد کرکے قانون کی بالادستی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مربوط حکمت عملی سے منشیات فروشوں،جرائم پیشہ عناصر،مجرمان اشتہاریوں،عادی مجرمان،بھکاریوں کیخلاف سٹنگ آپریشن کیا جائے۔پولیس افسران اپنا مورال بلند رکھتے ہوئے خدمت خلق سمجھ کر اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں۔محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث بننے والے کرپٹ عناصر کی محکمہ میں کوئی گنجائش نہیں،شکایت پر سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔