نارووال،12 جون ( اے پی پی): وفاقی وزیر پلاننگ ایند ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپنی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لئے ہم سب کو مل کر اس ملک کو پر امن اور ترقی کرتا ہوا پاکستان بنانا ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نارووال امتیاز شاھد گوندل، ممبرصوبائی اسمبلی و وزیراعلیٰ کےمعاون خصوصی برائے سیاسی امور خواجہ محمدوسیم،ممبر صوبائی اسمبلی رانامنان خان،ممبر صوبائی اسمبلی بلال اکبرخان،ممبر صوبائی اسمبلی رمیش سنگھ اروڑہ،ممبر صوبائی اسمبلی مولانا غیاث الدین،پی ایم ایل این کے ضلعی صدر پیر سید اظہرالحسن گیلانی سمیت مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں تحصیلوں اور ضلع کی سطح پرنئی ترقیاتی سکیموں اور پہلے سے جاری سکیموں کے بارے میں تفصیل کے ساتھ گفتگو کی گئی۔وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تمام تر سکیموں کو بروقت مکمل کیا جانا چاہیے تاکہ عوامی سطح پر ان سکیموں کے فوائد جلد پہنچ سکیں۔انہوں نے خصوصی طور پر نارووال شہر کی سیوریج اور بارش کے پانی کی نکاسی کے حوالے سے جاری سکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ گرمی کی لہر کے بعد شدید بارشوں کی پیش گوئی ہے اور اس موسم میں شہر کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچانے کے لئے انتہائی ضروری ہے کہ ان سکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال کی نئی تعمیر ہونے والی سکیم کے ورک آرڈر بارے پوچھا اور ساتھ ساتھ سی ای او ہیلتھ کو نارووال میڈیکل کالج کی بلڈنگ کا پی سی ون بنانے اور پی ایم ڈی سی سے کالج ہذا کے لئے کلاسز کی اجازت اور سیٹوں کی منظوری لینے کے حوالے سے تمام تر امور کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔
وفاقی وزیر نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کونئے تعمیر شدہ کالجز کوٹ نیناں اور کنجروڑ میں سال رواں میں تعلیمی سال کی ابتدا پر کلاسز کے اجراء اور گرلز کالج نارووال اور گرلز کالج قلعہ احمد آباد کی نئی بلڈنگز کے لئے جگہ کی خریداری کی ہدایت کی ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کو وفاقی وزیر احسن اقبال چودھری کی جانب سے سکولوں میں اساتذہ کی خالی اسامیوں کی رپورٹ کرنے اور اپنے سکولوں کو ماڈرن ایجوکیشن سسٹم سے ہم اہنگ کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔اس کی علاوہ نارووال ٹو لاھور ایکسپریس ہائی وے،کرتارپور ٹو سیالکوٹ روڈ،ماڈرنائزیشن آف ٹی ایچ کیو شکرگڑھ سمیت نارووال بوائز ڈگری کالج کو یونیورسٹی آف نارووال کے اولڈ کیمپس میں بحال کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔