علاج معالجے کی بہترین سہولتیں عام آدمی کا حق ہے جو اسے ہر صورت ملنا چاہیے؛ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف

9

 

لاہور ، 28 جون  (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے  کہا ہے کہ علاج معالجے کی بہترین سہولتیں عام آدمی کا حق ہے جو اسے ہر صورت ملنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے   صوبے کے عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے  ہوئے کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے کے عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنانے کا فیصلہ کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے او پی ڈیز میں ہیلتھ کیئر کی سہولتیں بہتر بنانے کا پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی۔انہوں  نے ہدایات دیں کہ ہسپتالوں کی او پی ڈیز کو کم سے کم وقت میں بہتر بنایا جائے اور  او پی ڈیز میں مریضوں کو ہر ممکن سہولتیں ملنی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام پر پیش رفت کا خود جائزہ لوں گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے 85 تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کو بہتر بنانے کے پروگرام کی بھی منظوری دے دی۔انہوں  نے 85 تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں سہولتوں کی بہتری کے پروگرام کو 6 سے 8 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

وزیراعلیٰ  نے کہا کہ شعبہ صحت میں جاری منصوبوں کو جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کیا جائے گا۔ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو دور کرنے کا روڈمیپ تیار کرنے کی ہدایت بھی دی۔انھوں نے کہا کہ میں نے ہسپتالوں کے دورے کئے ہیں ، صفائی کے انتظامات غیر تسلی بخش تھے۔ہسپتالوں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔محکمہ صحت اس ضمن میں جامع پلان مرتب کرکے عمل درآمد یقینی بنانے۔علاج معالجے کی بہترین سہولتیں عام آدمی کا حق ہے جو اسے ہر صورت ملنا چاہیے۔

خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت  کی -سیکرٹری صحت نے محکمے کی کارکردگی اور صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔