فیصل آباد ۔25جون (اے پی پی):نیشنل پرائم منسٹر ایگریکلچر ایمرجنسی پروگرام کے زیر اہتمام پیداواری مقابلوں میں گندم اور کینولا کے پوزیشن ہولڈرز کاشتکاروں میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب ہفتہ کو محکمہ زراعت فیصل آباد کے ڈویژنل آفس میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل محکمہ زراعت توسیع پنجاب ڈاکٹرمحمد انجم علی بٹر تھے جبکہ تقریب میں ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید، ڈپٹی ڈائریکٹر خالد محمود، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، محکمہ کے دیگر افسران، پوزیشن ہولڈرز کاشتکاروں اور فارمرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر انجم علی بٹر نے کہا کہ محکمہ کی کوشش ہوتی ہے کہ کاشتکار بیگ اور ٹیگ والا سرٹیفائیڈ و معیاری بیج استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ بمپر کراپ کے حصول کیلئے گندم ہمیشہ یکم سے 15 نومبر تک کاشت کرلینی چاہیے اور اس میں فاسفورس و پوٹاش کا لازمی استعمال کیا جا ئے۔انہوں نے کہا کہ اگر کھادوں کی قیمتیں بڑھی ہیں تو گندم کی امدادی قیمت خرید بھی بہت بڑھائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی عالمی وبا سے دنیا بھر میں تین چیزوں کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھیں جن میں ایک خوراک، دوسرا ایندھن اور تیسرا کھادیں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دفعہ ہمیں گندم کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کا حصول یقینی بنانا ہوگا تاکہ ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہمیں بیرون ممالک سے مہنگی گندم امپورٹ نہ کرنی پڑے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کہا کہ اس دفعہ ہیٹ ویو کی وجہ سے گندم کی پیداوار کچھ کم ہوئی ہے لیکن پھر بھی جن کاشتکاروں نے وقت پر یعنی نومبر کے وسط تک گندم کاشت کی اور محکمانہ سفارشات پر عمل کرتے ہوئے منظورشدہ اقسام، تجویز کردہ ہدایات، معیاری بیجوں، جدید ٹیکنالوجی اور بروقت کھادوں کا متناسب استعمال کیا ان کی گندم کی پیداوار اس سال بھی توقع سے زیادہ رہی۔بعدازاں گندم اور کینولا کی کاشت کے مقابلہ میں سب سے زیادہ فی ایکڑ پیداوار حاصل کرنیوالے 15 زمینداروں و کاشتکاروں میں ایک سے 3 لاکھ روپے تک کے انعامات کے چیک تقسیم کئے گئے۔مذکورہ مقابلہ گندم میں فیصل آباد سے ونر محمد اصغر کو3 51.8 من پیداوار پر پہلا انعام 3 لاکھ روپے، محمد طیب کو 49.99من پیداوار حاصل کرنے پر دوسرا انعام 2 لاکھ روپے، بشیر احمد کو 49.21 من پیداوار حاصل کرنے پرتیسرا انعام ایک لاکھ روپے،ضلع جھنگ سے نور محمد کو57.91 من پیداوار حاصل کرنے پر پہلا انعام،نبی بخش کو 54.40 من پیداوار حاصل کرنے پر دوسرا انعام، فرخ فیاض کو 53.42 من پیداوار حاصل کرنے پر تیسرا انعام، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عبدالحنان کو 53.59 من پیداوار حاصل کرنے پر پہلا، حماد احمد کو 47.75 من پیداوار حاصل کرنے پر دوسرا اور محمد اختر کو 46.71 من پیداوار حاصل کرنے پر تیسرا،ضلع چنیوٹ کے گندم کے مقابلہ میں ظفر عباس 55.69 من پیداوار حاصل کرنے پر پہلے، محمد اسلم 54.40 من پیداوار حاصل کرنے پر دوسرے اور صفدر علی 48.32 من پیداوار حاصل کرنے پر تیسرے نمبر پر رہے۔ علاوہ ازیں کینولا کی پیداوار میں فیصل آباد سے ونر افتخار علی نے 35.09 من پیداوار حاصل کرکے پہلی، محمد کاشف نے 29.12 من پیداوار حاصل کرنے پر دوسری اور جھنگ کے محمد امیر نے 27.01من پیداوار حاصل کرکے تیسری پوزیشن کا انعام حاصل کیا۔ مزید برآں فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل کے شعبہ میں گرین شیڈ کی بہترین تعمیر کے مقابلہ میں رشید احمد نے 3 لاکھ روپے کا خصوصی انعام حاصل کیا۔











