اسلام آباد،9جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات اختیار ولی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کو تین حصوں میں تقسیم کرنے اور ایٹمی پروگرام چھن جانے کی باتیں کر رہے ہیں، انہوں نے ملک کو بنانا ری پبلک بنانے کی کوشش کی، یہ سپریم کورٹ اور پارلیمان پر حملہ آور ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بنی گالا پچھلے چار سال منی گالا بنا ہوا تھا جہاں کارٹلز اور مافیا کی جیبیں بھری جا رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ اپنے ورکرز کو تشدد اور فساد پر اکسایا، آج عمران خان اپنے دائیں بائیں جھنڈے رکھ کر عوام کو اپنی جھوٹی کارکردگی بتا رہے ہیں،۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کے اندر قانون موجود ہے، جو قانون اپنے ہاتھ میں لے گا وہ قانون کے دائرہ میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایک ایسی حکومت موجود ہے جو عوام کی خدمت کر رہی ہے، پی ٹی آئی نے اپنے چار سالوں میں ملک دشمن بجٹ دیئے جن سے معاشی تباہی آئی، بے روزگاری میں اضافہ ہوا۔ آج ہم ان کا ڈالا ہوا گند صاف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو وہ بجٹ دیں گے جو ایک وژن کے تحت ہوگا اور پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے ہوگا۔











