محکمہ سپورٹس، تعلیمی اداروں میں سپورٹس کے فروغ  کے لیے رابطہ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے؛ گورنر پنجاب

28

لاہور، 18 جون(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ محکمہ سپورٹس اور تعلیمی اداروں میں سپورٹس کو فروغ دینے کے لیے رابطہ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں  سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس اسد اللہ فیض سے ملاقات میں کیا ،ملاقات میں تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ  اور ای روزگار پروگرام کے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔سیکرٹری سپورٹس نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹیوں کو ای روزگار سینٹرز منتقلی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوان نسل کو سپورٹس کی صحت مندانہ سرگرمیوں میں مشغول کرنا بہت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں کھیلوں کے صحتمندانہ رحجان کو فروغ دینے کے لیے جو پرائیوٹ سپورٹس کلبز اچھا کام کر رہے ہیں ،ان کی حوصلہ افزائی کی جائے جبکہ  محکمہ سپورٹس اور تعلیمی ادارے ملکر کھیلوں کے فروغ کے لیے  ایک جامع پالیسی بنائیں۔

بلیغ الرحمان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیاں طلبا کی جسمانی اور ذہنی صحت، نشو نما کے لیے بہت اہم ہیں۔ اس کے علاوہ  ای روزگار سینٹرز نوجوانوں کو مختلف ٹیکنیکل کورسز کی تربیت فراہم کرکے روزگار کے مواقع فراہم کر رہا ہے،سینکڑوں نوجوان ای روزگار سینٹرز سے ہنر سیکھ کر روزگار کما رہے ہیں۔

 سیکرٹری سپورٹس نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ ای روزگار سینٹرز میں ای کامرس، ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ اور ویب ڈیزائننگ کی تربیت دے رہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افئیرز، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور یونیورسٹیوں کے مابین ای روزگار سینٹرز کی منتقلی کے حوالے سے ایم او یو سائننگ کی تقریب گورنر ہاوس میں منعقد کرنے کی منظوری بھی دی۔

سیکرٹری سپورٹس نے کہا کہ ایم او یو سائننگ کی تقریب جلد منعقد ہو گی۔  ایم او یو سائننگ تقریب میں21 ای روزگار سینٹرز یونیورسٹیوں کو منتقل کیے جائیں گے۔پنجاب کی مختلف جامعات کے  وائس چانسلرز تقریب میں شرکت کریں گے۔