ملتان؛ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ،قیدیوں کے مسائل دریافت کئے ،سہولیات کا جائزہ لیا

33

ملتان، 11 جون (اے پی پی): حکومت پنجاب کی ہدایت پر جیلوں میں سہولیات کی انسپکشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا، جیل پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن، سپرٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل بھی ہمراہ تھے۔

 ڈپٹی کمشنر نے قیدیوں سے ملاقات کی ، مسائل دریافت کئے اور قیدیوں کی بیرکوں میں سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایک قیدی کی انصاف کی درخواست پر فوری کارروائی کے بھی احکامات جاری کئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے قیدیوں کو موثر سہولیات فراہم کرنے کا ٹاسک دیا ہے ، بیرکوں میں ائیر کولرز اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جیل انتظامیہ اعلیٰ معیار کے کھانے کی فراہمی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی تمام جیلوں کی انسپکشن کرکے شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔