ملتان ؛ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف کی زیر سرپرستی اسٹیٹ آف دی آرٹ “نشتر لیبارٹری پرائیویٹ کلیکشن پوائنٹ” کا قیام

25

ملتان،   27 جون (اے پی پی ):وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف کی زیر سرپرستی اسٹیٹ آف دی آرٹ “نشتر لیبارٹری پرائیویٹ کلیکشن پوائنٹ” کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس حوالے سے افتتاحی تقریب کا انعقاد نشتر ہسپتال میں کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد تھے ۔

 تقریب میں معروف سماجی شخصیت و ممبر سنڈیکیٹ نشتر میڈیکل یونیورسٹی  مہناز فرید، ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر محمد نبیل سلیم، پروفیسر ڈاکٹر خالد عثمان، پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج، پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس نقوی سمیت دیگر فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران نے بھی شرکت کی۔

 پروفیسر ڈاکٹر خالد عثمان نے تقریب کے شرکاء کو سیمپلنگ کے طریقہ کار اور ٹیسٹنگ کی سہولیات بارے بریفنگ دی۔ ان کا   کہنا تھا  کہ اس اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری میں تمام ٹیسٹ مارکیٹ ریٹ سے کم اور اعلیٰ معیار کے کیے جائیں گے۔

 وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے اس موقع پر  کہا  کہ ہماری ہمیشہ سے یہ خواہش رہی ہے کہ جنوبی پنجاب کی عوام کو سستی اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں اور اس حوالے سے انہوں نے ادارہ استحکام شرکتی ترقی (ایس پی او) کے تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

 طبی اور سماجی حلقوں نے اس بہترین سہولت کے آغاز پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد اور شعبہ پیتھالوجی نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اظہار تشکر کیا ہے۔