وزیراعظم  نے خیبر پختونخوا سے دریافت ہونے والے گیس  ذخائر سے عوام کو گیس کی فوری فراہمی کی منظوری دے دی

3

اسلام آباد،7جون  (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا سے دریافت ہونے والے گیس کے ذخائر سے عوام کو گیس کی فوری فراہمی کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم سے فوجی فائونڈیشن گروپ کے چئیرمین وقار احمد ملک اور ماڑی پٹرولیم کے سربراہ فہیم حیدر نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں  وزیراعظم نے توانائی کی قلت پر قابو پانے کیلئے سابق قبائلی علاقوں سے دریافت شدہ گیس فوری طور پر عوام کو فراہم کرنے کی منظوری دی۔

 خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں سے دس کھرب کیوبک فٹ گیس کے ذخائر دریافت ہوئے تھے۔ وزیراعظم نے یہ ذخائر عوام کو گیس کی قلت سے نجات دلانے کیلئے استعمال میں لانے کی ہدایت کی۔ وزیرِاعظم کو شمالی وزیرستان، بنوں میں نئے دریافت شدہ ذخائر کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو گیس کے شعبے کی مجموعی صورتحال، طلب اور رسد سے آگاہ کیاگیا ۔

وزیراعظم نے متعلقہ علاقوں کے عوام کو بھی دریافت شدہ گیس کے ثمرات فراہم کرنے اور علاقے کی ترقی، سماجی بہبود، تعلیم، صحت کے حوالے سے سفارشات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انہیں آگاہ کیا جائے کہ  جن علاقوں سے گیس نکلی ہے وہاں کے عوام اور بچوں کو کیا ملے گا۔

وزیر مملکت برائے پٹرولیم سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک اور سیکرٹری پٹرولیم بھی ملاقات میں موجود تھے۔