اسلام آباد، 20 جون ( اےپی پی): وفاقی وزیر سید امین الحق کی زیر صدارت ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ فنڈ اور پالیسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مالی سال 2022/23 کیلئے یونیورسل سروس فنڈ کا 32 ارب 13 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کیا گیا۔ اگنائٹ کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی مد میں 3 ارب 75 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ یونیورسل سروس فنڈ نے گذشتہ 4 سال میں براڈ بینڈ سروسز فراہمی کیلئے ریکارڈ کام کیئے۔سال 2006 سے 2019 تک 13 برس میں یو ایس ایف کے پراجیکٹس کی تعداد 59 تک محدود رہی۔سال 2019 سے اب تک براڈ بینڈ سروسز فراہمی کے 65 منصوبے شروع کیئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلی کام صارفین کی تعداد 30 مئی 2022 تک 19 کروڑ 30 لاکھ کی ریکارڈ سطح تک جاپہنچی ہے۔ملک میں تھری و فورجی صارفین کی تعداد 11 کروڑ 40 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ براڈ بینڈ سروسز استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 11 کروڑ 70 لاکھ پہنچ چکی ہے۔