پشاور؛دل میں پیدائشی سوراخ کےعارضہ میں مبتلا نو افغان بچوں کی آپریشن کیلئے پاکستان آمد   

41

پشاور، 16جون(اے پی پی): افغانستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے دل میں پیدائشی سوراخ کے عارضہ  میں مبتلا 9بچوں کو طورخم بارڈر پر پاک افغان کوآپریشن فورم کے اشتراک سےالخدمت فاونڈیشن کے حوالے کیا گیا۔ افغان حکام اور ہلال احمر افغانستان نے ہارٹ سرجری کیلئے  پاکستان لائے  گئے  بچوں کو طورخم بارڈر پر الخدمت فاونڈیشن کے حوالے کیا جن کی سرجری لاہور میں کی جائے  گی۔

 ہلال احمر ننگرہار زون کے رئیس مولوی قمرالدین نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے  کہا کہ افعانستان میں پیدائشی طور پر دل میں سوراخ کے عارضہ میں مبتلا بچوں کی تعداد 8ہزار کے لگ بھگ ہے۔ماضی میں ایسے مریضوں کا علاج بھارت میں ہوتا تھا لیکن حالیہ دنوں میں انڈیا کے ساتھ بارڈر بند ھونے کی وجہ سے ایسے مریضوں کا علاج اور آپریشن رکے ہوئے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل الخدمت ہیلتھ فاونڈیشن پاکستان کےچیرمین پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے دورہ افغانستان کے دوران امارت اسلامیہ افغانستان کے اعلیٰ حکام نے دل میں سوراخ کے عارضہ میں مبتلا بچوں کے آپریشن میں تعاون کی درخواست کی تھی جس پر الخدمت فاونڈیشن نے ابتدائی طور پر 40بچوں کے پاکستان میں آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں پہلے بیچ کے طور 9بچوں کو آج الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے حوالے کیا گیا جن  کیلئے  پاک افغان کوآپریشن فورم نےطورخم بارڈرز سے لاہور پہنچانے کیلئے  ٹرانسپورٹ کا بھی انتظام کیاتھا۔

اس موقع پر الخدمت ہیلتھ فاونڈیشن پاکستان کے مرکزی جنرل مینجر سفیان احمد خان،ممتاز ماہرامراض قلب پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک، الخدمت کے صوباٸی جنرل سیکرٹری محمدشاکر صدیقی اور PACFکے چیرمین حبیب اللہ خٹک اور وقار معروف، ہلال احمر افغانستان کے سیکرٹری جنرل کے معاون مولوی خالد مجاہد بھی موجود تھے۔