پشاور،28 جون(اے پی پی): صوبائی کابینہ نے گریڈ 12 سے 16 تک ایڈہاک بنیادوں پر بھرتی کئے گئے اساتذہ کو مستقل کرنے کے لئے قانون کے مسودے کی منظوری دیدی ہے۔ اس اقدام سے 58 ہزار کے لگ بھگ اساتذہ مستفید ہوں گے۔
صوبائی کابینہ کا 75 واں اجلاس وزیر اعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ کے کیبنٹ روم میں ہوا۔ وزیر اعلی نے اجلاس میں کل لوئر دیر میں سکول کی چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والی بچی کے ورثاء کے لئے دس لاکھ روپے امداد اور واقعے میں زخمی بچیوں کے لئے ایک ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا۔ وزیر اعلی نے مذکورہ سکول کو جاں بحق ہونے والی بچی کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا۔
اجلاس میں کابینہ کے ارکان، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔