سیالکوٹ؛ ریسکیو1122نے سیلابی صورت حال سے  نمٹنے کے لیے نہراپر چناب پرفرضی مشق کا انعقاد کیا

11

سیالکوٹ،28جون  (اے پی پی):ریسکیو1122نے سیلابی صورت حال سے بروقت نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر نہراپر چناب کمبھرانوالہ کے مقام پرفرضی مشق کا انعقاد کیا۔

ترجمان ریسکیو1122کے مطابق  بانی ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ  میثم عباس کی زیر نگرانی ریسکیو1122نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید قبال کی سربراہی میں نہر اپر چناب میں کھمبرانوالہ ائیرپورٹ روڈ  کے مقام پر سیلاب سے بچاؤ کی فرضی مشقوں میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر  انعقاد کیا۔

ریجنل ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122 گوجرانوالہ سید کمال عابد،اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال حیدر عباس، چیف آفیسر محکمہ تعلیم ریاض احمد، ایس ڈی او مرالہ لنک محمد خالد اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر وسیم مرزا نے شرکت کی اور فرضی مشق کا جائزہ لیا۔ تمام محکموں نے سیلابی صورت حال کے پیش نظر فرضی مشقوں میں سیلاب سے نبردآزاما ہونے والے آلات کے سٹال لگائے۔

 ریسکیو 1122نے سیلاب کے دوران آپریشن کا عملی مظاہرہ پیش کیا، ابتدائی طبی امداد کا فیلڈ کیمپ لگایا اور ڈوب کر ہلاک ہونے والوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال ریسکیو اور تمام محکموں کو کامیاب فرضی مشق کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا اور سیلاب کے حوالے سے تیاریوں کو تسلی بخش قرار دیا۔

اس موقع پر ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد نے کہا کہ اس طرح کی فرضی مشقوں کا مقصد ریسکیو 1122اور دوسرے  محکموں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو پرکھنے کے ساتھ ساتھ آلات کی آپریشنل صلا حیتوں کو بھی جانچنا ہے تاکہ ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے بہتر ین اقدامات کیے جا سکیں اور ضلعی محکموں کے درمیان باہمی اشتراک قائم کیا جا سکے تاکہ بوقت ایمرجنسی عوام کو جلد ریلیف مہیا کیا جا سکے۔

 فرضی مشقوں میں ریسکیو1122کے ہمراہ ریسکیو محافظین اور ضلع کے دوسرے اداروں جن میں سول ڈیفنس، واسا، میو نسپل کارپوریشن، محکمہ ہیلتھ، محکمہ انہار،محکمہ لائیو اسٹاک، ٹریفک پولیس، سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن، اورحی علی الفلاح ویلفیئر آرگنائزیشن نے بھی حصہ لیا۔