ملتان، یکم جون (اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر رفعت مختار راجہ نے کہا ہے کہ ملتان جنوبی پنجاب کا انتہائی اہم اور تاریخی اہمیت کا حامل شہر ہے یہاں قابل اور محنتی پولیس آفیسر تعینات ہیں اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لائیں اور جرائم پر قابو پائیں، گشت کا موثرنظام جرائم پیشہ لوگوں کے ارادوں کو ناکام بنانے میں نہایت اہم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان ضلع کے سرکل آفیسرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی ایس پی،ایس ڈی پی اوز سمیت اے ڈی آئی جی سعدیہ سعد،پرائیویٹ سیکرٹری محمد یوسف بھٹی نے شرکت کی۔
ریجنل پولیس آفیسر رفعت مختار راجہ نے کہا کہ لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں،اللہ تعالیٰ آپ کیلئے آسانیاں پیدا کریگا ۔انہوں نے کہا کہ پیک ٹائم میں آ پ گشت کے لے نکلیں، کمیونٹی سے ملیں ، تاکہ لوگوں پر پولیس کے اعتماد میں اضافہ ہو۔
رفعت مختار راجہ نے کہا کہ آپ کی سب سے بڑی ذمہ داری انصاف کی فراہمی ہے، پولیس افسران اور اہلکاران انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنا کر دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ افسران زیادہ تر وقت تھانوں میں بیٹھ کر آنے والے سائلین کی دادرسی کریں اور ان کے مسائل موقع پر ہی حل کریں،آپ لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں اللہ تعالیٰ آپ کے لئے آسانیاں پیدا کریگا۔











