چمن؛وفاقی وزیر ہاؤسنگ مولانا عبد الواسع نے روغانی کی جانب جانیوالی شاہراہ کی تعمیر کا افتتاح کر دیا

20

چمن،16 جون  (اے پی پی ): وفاقی وزیر ہاؤسنگ مولانا عبد الواسع اور جے یو آئی کے مرکزی فنانس سیکریٹری و ممبر قومی اسمبلی مولانا صلاح الدین ایوبی نے چمن شہر کے جنوبی علاقے روغانی کی جانب   جانیوالی شاہراہ کی تعمیر کا افتتاح کر دیا ہے ۔

تقریب میں شہر کے قبائلی رہنماء حاجی خدائے میر خان سمیت جمعیت  کے صوبائی و ضلعی رہنماؤں اور معززین شہر سمیت عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شہریوں نے شاہراہ پر کام کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر مولانا عبد الواسع اور مولانا صلاح الدین ایوبی کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے علاقے کی عوام کو یہ تحفہ دیا۔

 اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی کوشش کرینگے اور عوام کی معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے کام کرتے رہینگے۔انہوں نے کہا کہ  یہ شاہراہ گزشتہ کئی برسوں سے خستہ حالی کا شکار تھا جس پر لاکھوں کی آبادی قائم ہیں۔ یہ راستہ چمن ماسٹر پلان کے ساتھ ذیلی طور پر جبکہ نئے اور پرانے تبلیغی مراکز سمیت کیڈٹ کالج کو براہ راست چمن شہر سے منسلک کرتا ہے۔ کیڈٹ کالج کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اس راستہ کو قانونی و اصولی طور پر دو رویہ بنایا جائیگا۔