گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے  چین کے لاہور میں نئے تعینات قونصل جنرل ژاؤ شیرین کی ملاقات،دو طرفہ تعلقات اور سی پیک پر تبادلہ خیال

10

لاہور، جون 23(اے پی پی):  گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے چین کے لاہور میں نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل ژاؤ شیرین (Mr. Zhao Shiren) نے ملاقات کی۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور سی پیک  پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے لاہور میں قونصل جنرل کی ذمہ داری سنبھالنے پر ژاؤ شیرین کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ چائنہ اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے،چائنہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے.  پاکستان چائنہ اقتصادی راہداری صرف پاکستان نہیں بلکہ خطے اور پوری دنیا کے لیے ایک گیم چینجر ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پالیسیوں کے تسلسل کےلیے چارٹر آف اکانومی ہونا چاہئیے،حکومت سی پیک کے تحت جاری ترقیاتی  منصوبوں کو وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔چائنہ کی تعلیم اور صحت، انرجی انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ سی پیک  سے پاکستان میں انفراسٹرکچر، ایگری کلچر، انرجی سیکٹر  اور انڈسٹری میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اورکہا کہ سی پیک کی بہت سی جہتیں ہیں جن سے پاکستان میں تعمیر اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی،پاکستان اور چین کے درمیان عوامی سطح پر رابطے مزید مضبوط بنائیں گے۔

چینی کونسل جنرل نے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے،امید ہے حکومت سی پیک کے تحت منصوبوں کو جلد مکمل کرے گی۔