اینٹی ڈینگی موبائل ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پرانسداد ڈینگی مہم  کو جاری رکھیں؛ ڈپٹی کمشنراوکاڑہ زاہد پرویز وڑائچ

24

اوکاڑہ،30جولائی (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا ہے کہ اینٹی ڈینگی موبائل ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پرانسداد ڈینگی مہم  کو جاری رکھیں کیونکہ برسات کے موسم میں مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہونے کا خطرہ ہوتا ہے اس لئے انسدادڈینگی اقدامات میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ حالیہ برسات کےدنوں میں ہاوَس کیپنگ پر توجہ دی جائے قبر ستانوں،ٹائرشاپس پر خصوصی توجہ دی جائے اور جو دوکاندار انسداد ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرے اس کے خلاف مقدمہ کیا جائے، دوکان کو سیل کیا جائے اور جرمانہ کیا جائے۔ انہوں نے سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ ان کے محکمے کے جو لوگ ویکٹر سرویلنس کی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں وہ مروجہ طریقہ کارکے مطابق ڈیش بورڈ پر اپنی کار کردگی اپ لوڈ کریں اورکسی قسم کی  شکایت ملنے پر فوری تدارک کیاجائے ۔

 اس موقع پرڈسٹرکٹ انٹا مالوجسٹ ڈاکٹرمحمد اقبال نے بتایا کہ ضلع میں انسداد ڈینگی مہم  پر عملدرآمد کے لئے فیلڈ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کر رہی ہیں، ضلع میں ہاٹس سپاٹس کی نگرانی کے ساتھ ساتھ ویکٹر سر ویلنس کا کام  تواتر سے جاری ہے اور انسداد ڈینگی کے لئے پنجاب حکومت کی ہدایات پر عملد رآمد کو یقینی بنایا گیاہے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل ملک عباس ذوالقرنین، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹراخترحسین مہار، ڈاکٹر شاہد سلیم ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال اوکاڑہ سٹی،ڈاکٹرذوالفقارحیدرایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ساؤتھ سٹی ،سی ڈی سی آفیسر چوہدری اصغر علی،سی ای او ایجوکیشن ناہید واصف، ممبران انسداد ڈینگی کمیٹی سمیت تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان موجود تھے۔