بلوچستان پولیس کی صوبے میں امن امان کی بحالی کے لیے بڑی قربانیاں ہیں؛ صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو

12

کوئٹہ، یکم جولائی (اے پی پی): صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس کی صوبے میں امن امان کی بحالی کے لیے بڑی قربانیاں ہیں پولیس نے جان کا نذرانہ پیش کرکے صوبے خاص طور پر کوئٹہ میں امن بحال کیا۔

ان خیالات کا  اظہار میر ضیاءاللہ لانگو نے  جمعہ کو  یہاں   آئی جی پولیس عبدالحق شیخ سے ملاقات میں    گفتگو   کرتے  ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔

 صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگونے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی میں بلوچستان پولیس کی قربانیوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے بڑے بڑے دہشت گردی کے واقعات میں اہم گرفتاریاں کیں ہیں ،  میں پولیس کی خدمات، قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا متعرف ہوں۔

میر ضیاءاللہ لانگو نے کہاکہ حکومت بلوچستان اپنی پولیس کے ساتھ ہرمشکل گھڑی میں کھڑی ہے اور کسی بھی صورت میں پولیس کا حوصلہ پست نہیں ہونے دیں گے، پولیس جذبے کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ خدمات جاری رکھے۔انہوں نے  کہا کہ پولیس کو ہمیشہ آزادانہ کام کرنے کی ہدایت کی ہے، پولیس ہمیشہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ طریقے سے اپنا کام جاری رکھے۔انہوں  نے کہاکہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔

 آئی جی پولیس نے مشیر داخلہ میر ضیاءکا پولیس کی رہنمائی کرنے اور ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ  پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی جان و مال کا تحفظ کرتے رہیں گے۔

اے پی پی /بلال/حامد