پاکپتن،07جولائی( اے پی پی):سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب نبیل جاوید نے کہا ہے کہ بر صیغر پاک وہند میں حضرت بابا فرید مسعود گنج شکر ؒ کا مزار تجلیات کا مرکز ہے، حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کی تعلیمات انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں، انہوں نے اپنی تعلیمات کے زریعے اسلام کی شمع کو روشن کیا اور غیر مسلم کو مذہب اسلام میں داخل کیا۔حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کی تعلیمات کو عام کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر کے سالانہ780 ویں عرس کی تقریبات کے انتظامات سے متعلق بلائے گئے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے عرس انتظامات اور ڈی پی او نے سیکورٹی امور سے متعلق اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔
سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب نبیل جاوید نے ہدایات جاری کیں کہ ٹھنڈے پانی، لنگر، طبی سہولیات زائرین کو بہم پہنچانااولین ترجیح ہے، عرس کے سلسلہ میں تمام سٹیک ہولڈرز نظم وضبط کا مظاہر کریں، بد نظمی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر ہر صورت عمل درآمد کروایاجائے، کورونا ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا جائے، بغیر ماسک کسی کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ڈینگی سے بچاؤ کے سلسلہ میں دربار کے اردگرد صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
سیکر ٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ عرس حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کے سالانہ عرس انتظامات کے سلسلہ میں حکومتی ہدایات کے تحت مختلف امور کی انجام دہی کیلئے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن انداز میں نبھائیں۔
بعدازاں سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب نبیل جاوید نے درگاہ حضرت بابا فرید پر جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ لگائے گئے سولر پینل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات جاری کیں۔
سیکرٹری نبیل جاوید نے درگاہ حضرت بابا فرید پر حاضری بھی دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملکی ترقی و استحکام کیلئے دعا کی۔











