خواتین کو معیاری تعلیم اور ہنر فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے؛صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

12

اسلام آباد،16جولائی  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ صنعتی و اقتصادی شعبوں میں تیز رفتار بنیادوں پر خواتین کی شمولیت یقینی بنانے کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے  کی ضرورت ہے ، خواتین کو معیاری تعلیم اور ہنر فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ایوانِ صنعت و تجارت برائے خواتین ، پشاور کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کاکہنا تھا کہ خواتین ملکی آبادی کا تقریبا 50 فیصد ہیں ، کام کی جگہ پر انکے تحفظ کو یقینی بنانا  ہوگا ۔انہوں  نے کہا کہ خواتین کی جائیداد اور وراثتی حقوق کے حوالے سے مقامی روایات کو بدلنے کی ضرورت ہے ، خواتین کو مذہب اور آئین کے مطابق تمام وراثتی حقوق دیئے جانے چاہیے ۔

 صدر مملکت علوی نے کہا کہ خواتین کو وراثتی جائیداد میں ان کا حصہ دلانے کے لیے قانون سازی کی گئی ۔قانون کے تحت اگر کسی خاتون کی جائیداد پر قبضہ کیا گیا ہو تو اسے حکومت خالی کرائے گی۔ انہوں  نے کہا کہ بینک خواتین کو آسان شرائط و ضوابط پر کاروباری قرضے فراہم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس  خواتین کو  کاروبار شروع کرنے ، موجودہ کاروبار کو بہتر بنانے کیلئے قرض حاصل کرنے میں مدد کریں ۔ پاکستان میں خواتین کی افرادی قوت میں شرکت کی شرح دنیا میں سب سے کم ہے جو کہ افسوسناک اور انتہائی تشویشناک  امر ہے۔

 صدر  مملکت نے کہا کہ اسلام میں عورتوں کے کاروبار، تجارت یا دیگر معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر کوئی پابندی نہیں ، خواتین کو بااختیار بنانے کے خلاف سماجی مزاحمت پر قابو پانے کے لیے حضرت خدیجہ ؓ کی مثال کو اجاگر کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کو عدالتوں میں پہلے سے زیرسماعت خواتین کی شکایات سننے کا اختیار بھی دیا گیا ہے ۔

 صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پشاور خواتین چیمبر، خواتین کی تربیت  اور انکی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لیے ٹیوٹا پنجاب اور فیس بک کے پروگراموں سے فائدہ اٹھانے کیلئے کاروباری خواتین کی حوصلہ افزائی کریں، ایمیزون ایک اور موثر پلیٹ فارم ہے جسے کاروباری خواتین اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لیے استعمال کر سکتی ہیں۔