لاہور، 30 جولائی (اے پی پی ): رائے منظور ناصر نے بطور ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب عہدہ کا چارج سنبھال لیا ہے ۔جس کے بعد انہوں نے افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ ڈی جی اینٹی کرپشن نے تمام افسران کو 100 فیصد میرٹ پر کام کرنے کے احکامات دیئے۔ انہوں نے افسران کو وقت کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے محکمہ کی استعداد کار بڑھائی جائے گی ۔
انہوں نے محکمہ کی نئی عمارت کی تعمیر کے حوالے سے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ اینٹی کرپشن کو مثالی ادارہ بنانا چاہتاہوں،تمام ملازمین ذمہ داری اور فرض شناسی سے اپنا کام کریں، اینٹی کرپشن پنجاب میں اصلاحات کیلئے حکومت کا تعاون حاصل ہے،کارکردگی میں بہتری کیلئے تمام سیکشنز کے ایس او پیز مرتب کئے جائیں۔
ایڈیشنل ڈی جی کلثوم نواز، ڈائریکٹر ایڈمن عدنان شہزاد، ڈائریکٹر لیگل جام صلاح الدین سمیت دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ہیڈ آفس اور ریجنل دفاتر میں ویڈیو لنک کانفرنس سسٹم کی انسٹالیشن میں پیش رفت کے حوالے سے ایڈیشنل ڈی جی نے آگاہ کیا۔