رحیم یار خان؛ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ کا ڈی پی او اختر فاروق کے ہمراہ تحصیل صادق آباد کا دورہ، امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا

47

رحیم یار خان،26 جولائی   (اے پی پی ):محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ڈپٹ کمشنر سید موسیٰ رضا نے   ڈی پی او  اختر فاروق کے ہمراہ تحصیل صادق آباد کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈی پی او کے ہمراہ محرم کے جلوسوں کے روٹس اور مختلف امام بارگاہوں  کی صورتحال کا  جائزہ لیا ۔

  ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے ڈی پی او اختر فاروق کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر آفس میں تحصیل امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی   کی ۔اسسٹنٹ کمشنر محمد سلیم آسی،  اے ایس پی رحمت اللہ نے محرم و الحرام انتظامات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ  محرم کے مہینے میں امن و امان کو برقرار رکھنا انتظامیہ اور پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔، امن وامان میں خلل ڈالنے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ  قیام امن میں علماء کرام نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ، محرم الحرام کے موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے گا ۔

ڈپٹی  کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ  جلوس و مجالس کی سی سی ٹی سی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی ۔ تحصیل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر کنٹرول رومز قائم کئے جائیں گے ۔ محرم الحرام سے قبل جلوس و مجالس کے روٹس پر صفائی ستھرائی اور مرمت کا کام مکمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے میپکو کو جلوس کے راستوں سے بجلی کی تاریں ہٹانے کی ہدایت بھی   کی ۔

ڈی پی او اختر فاروق  نے کہا کہ مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کے ساتھ ساتھ جلوسوں کے لائسنس داران کی مشاورت سے جامع سیکورٹی پلان مرتب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ناکارہ کیمروں کو فعال بنانے کے علاوہ جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔ علمائے کرام اور لائسنس داران کے تعاون سے محرم و الحرام میں امن و امان کو برقرار رکھا جائے گا ۔امن وامان قائم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔