اوکاڑہ،24 جولائی(اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمحمد حسن اقبال نے کہا ہے کہ فرقہ وارانہ اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،شرانگیز تقریر کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہو نگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں محرم الحرام کی آمد سے قبل پولیس لائن میں پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع اوکاڑہ میں امن وامان کی فضاء میں انتشار پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا،تمام مسالک ہمارے لیے قابل احترام ہیں کسی بھی شخص کو مذہبی منافرت،وال چاکنگ اور شرانگیز تقریروں کی کسی بھی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمحمد حسن اقبال نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے، دوران ڈیوٹی کسی بھی قسم کی لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، تمام پولیس افسران عوام کی جان ومال کے تحفظ کویقینی بنائیں۔