قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی سے وزیراعظم کی معاون خصوصی رومینا خورشید عالم کی ملاقات

5

کراچی۔20جولائی  (اے پی پی):قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے پارلیمانی ٹاسک فورس /وزیر مملکت رومینا خورشید عالم نے  وفد کے ہمراہ گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وفد میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شازیہ صوبیہ ، سید علی سردار جعفری ،سید عمار یاسر گیلانی اور حرا نازاعوان شامل تھے۔ وفد نے قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی کو قومی پارلیمنٹرین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ واضح رہے کہ قومی پارلیمنٹرین کانفرنس 27اور 28جولائی کو اسلام آبادمیں ہوگی جس میں چاروں صوبوں سے پارلیمنٹرین شرکت کریں گے۔ ملاقات میں قانون سازی کے حوالہ سے تفصیلی گفتگو بھی ہوئی۔ اس موقع پر قائم مقام گورنرسندھ نے کہا کہ سندھ کے تاریخی مقامات سے نوجوان نسل کو روشناس کرانے کی ضرورت ہے ، سندھ میں 5ہزار برس قدیم موہنجوداڑو اور دریائے سندھ موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی کی تاریخی حیثیت ہے ، پاکستان کے قیام کے لئے پہلی قرار داد بھی اسی اسمبلی نے منظور کی جبکہ بانی پاکستانی قائد اعظم  نے حلف سندھ اسمبلی میں اٹھایا تھا۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ قانون سازی کے حوالہ سے سندھ سرفہرست صوبہ ہے ، ہندو میرج بل اپوزیشن کے رکن نے پیش کیا اسے حکومت نے پاس بھی کرایا ، چائلڈ ابیوز ، خواتین حقوق کے تحفظ اور گھریلو ملازمین کے حقوق کے بل پاس کرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ نے 25ہزار روپے ماہانہ تنخواہ مقرر کرنے کے  ساتھ ساتھ عوامی فنڈز اور فلاح و بہبود کے اقدامات کو تحفظ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بہترین قانون سازی سے فلاحی اقدامات یقینی ہیں ، سندھ کے پارلیمنٹرین شب و روز محنت کرتے ہیں ، امید ہے آئندہ بھی سندھ اسمبلی اسی طرح کے اقدامات کرتی رہے گی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے پارلیمانی ٹاسک فورس /وزیر مملکت رومینا خورشید عالم نے کہا کہ دیگر صوبوں کو سندھ سے قانون سازی سیکھنے کی ضرورت ہے۔