مظفرگڑھ، 30 جولائی(اے پی پی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق ولایت اور ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کے زیر صدارت علی پور کے منتظمین جلوس، ممبران امن کمیٹی اور انجمن تاجران کا اجلاس ہوا ۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران علی پور میں امن و امان کے قیام اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈی پی او طارق ولایت نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے علی پور میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز سے میٹنگ کی جا چکی ہے۔ جلوسوں کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹ نصب کئے جائیں گے۔انہوں نےکہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے ساتھ مل کر علی پور میں امن کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔
ڈی پی او طارق ولایت نے کہا حکومتی پالیسیوں اور قوانین پر عملدرآمد کرانا انتظامیہ کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ مجالس اور جلوس ہائے کی سکیورٹی کے لئے ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن سکواڈ، ٹریفک پولیس کے ہمراہ والنٹیر بھی فرائض سرانجام دیں گے۔کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنےکے لئے پولیس لائینز میں ریزرو فورس تیار رہے گی۔











