ملتان، 2جولائی(اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفرنے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کو ڈینگی سرویلنس مہم فرنٹ سے لیڈ کرنے کی ہدایات جاری کی اور جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کو بھی ماتحت دفاتر میں ڈینگی بارے احتیاطی تدابیر پر عمل کرانے کی ہدایات دی ہیں۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی ہدایت پر اے سی ایس سیکرٹریٹ اور ہیلتھ سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام ڈینگی ڈے کے موقع پر چونگی نمبر9 کے مقام پرآگاہی واک نکالی گئی، واک میں اے سی ایس آفس اور محکمہ صحت کے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔واک کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ جنوبی پنجاب طارق اعوان نے کی۔
واک کے شرکاء نے جنوبی پنجاب کو ڈینگی فری بنانے کا عزم کا اظہار کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ نے کہا ڈینگی سرویلنس میں تیزی لائی جارہی ہے ، شہریوں کو ڈینگی سے بچنے کے لئے حفاظتی تدابیر بارے آگاہی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کو ڈینگی سرویلنس بارے اپنا فعال کردار ادا کرنیکی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ طارق اعوان نے کہا کہ شہری ڈینگی سے بچنے بارے ہدایات پر عمل کریں اور تمام سٹیک ہولڈرز مل کر ہی ڈینگی کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی بارے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جارہی ہے۔
ڈپٹی سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ میاں زاہد نے کہا کہ ڈینگی بخار میں مبتلا شہریوں کو سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ایس او محمد احمد خان نے کہا اے سی ایس سیکرٹریٹ میں اینٹی ڈینگی سپرے کرایا گیا ہے ۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر علی مہدی نے کہا کہ شدید سردرد، بخار، فلو، جسم اور جوڑوں میں درد ڈینگی کی علامات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جسم پر لال دھبوں کا ظاہر ہونا اور ناک اور منہ سے خون جاری ہونا بھی دینگی کی علامات میں شامل ہے۔
واک کے اختتام پر شہریوں میں ڈینگی بارے آگاہی پر مبنی پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔











