ملتان، یکم جولائی (اے پی پی ):ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کا راجن پور ماڑی ٹاپ پر واٹر سپلائی سکیم پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے،منصوبہ پر 60ملین لاگت آرہی ہے جبکہ منصوبے پر 60 فیصدسے زائد کام مکمل ہو چکا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب جاوید اختر محمود نے ماڑی ٹاپ راجن پور کے دورہ کے موقع پر کیا ۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے مقامی افراد سے گفتگو کے موقع پر کہا کہ صاف پانی ہر انسان کا بنیادی حق ہے جس کے لیئے دور افتتادہ مقامات پر صاف پانی کی فراہمی کے لیئے پُر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے عوام کے مسائل حل کریں گے،واٹر سپلائی سکیم سے بڑی آبادی کو صاف پانی کی فراہمی میسر آئے گی۔
جاوید اختر محمود نے کہا کہ ماڑی ٹاپ پر ٹیوب ویل کا افتتاح کر دیا گیا ہے جس سے عوام کے مسائل میں کمی ہوگی، پانی ایک نعمت ہے جس کو محفوظ بنانے کے ساتھ انسانوں کے لیئے قابل استعمال بنانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کے لیئے بہترین عملی اقدامات کر رہا ہے جو مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔
اس موقع پر اُنھوں نے ٹیوب ویل کے افتتاح کرنے کے بعد ملکی سلامتی کے لیئے دعا بھی مانگی جبکہ ڈی جی خان کے ایس ڈی اے اور ڈپٹی سیکرٹری زاہد اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے۔











