ملتان، 05 جولائی (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہری حدود میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کیخلاف دفعہ 144 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بائی پاس اور فاطمہ جناح ٹاؤن میں دو عارضی منڈیاں قائم کی گئی ہیں جہاں مثالی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اچانک عارضی مویشی منڈیوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکموں کے کاؤنٹر اور انتظامات چیک کئے۔انہوں نے تمام جانوروں کی لمپی سکن کے حوالے سے بھرپور سکریننگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے شہر سے منڈیوں تک شٹل سروس چلائی جائے گی جبکہ منڈیوں میں سایہ دار مقامات،ٹھنڈا پانی اور پارکنگ بھی فراہم کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منڈیوں میں جانوروں کو قرطیینہ اور ویکسینیشن یقینی بنائی گئی ہے اسی طرح جانوروں کی سکریننگ کیلئے داخلی راستوں پر سخت ناکہ بندی جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں کی صفائی کیلئے اضافی سٹاف بھی متعین کیا گیا ہے۔