نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ باغبانی کے ذریعے موسمیاتی لچک کے نفاذ کے منصوبے کیلئے خیبرپختونخوا کے محکمہ زراعت کو 2899.67 ملین روپے کی فنانسنگ کی سہولت فراہم کرے گا

6

اسلام آباد،25جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ (این ڈی آر ایم ایف) باغبانی کے ذریعے موسمیاتی لچک کے نفاذ کے منصوبے کیلئے خیبرپختونخوا کے محکمہ زراعت کو 2899.67 ملین روپے کی فنانسنگ کی سہولت فراہم کرے گا۔ سیکرٹری وزارت برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات سید ظفر علی شاہ کی موجودگی میں پیر کو گرانٹ کے نفاذ کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ سیکرٹری زراعت، لائیو سٹاک، فشریز اور کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے پی محمد اسرار خان، سیکرٹری نے دستخط کئے۔  محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، کے پی شاہ محمود خان اور نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ (این ڈی ایم آر ایف) کے محمد فواد حیات نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت این ڈی آر ایم ایف خیبرپختونخوا میں باغبانی کے ذریعے موسمیاتی لچک کے نفاذ کیلئے  2899.67 ملین روپے کی گرانٹ فنانسنگ کی سہولت فراہم کرے گا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری پلاننگ کمیشن سید ظفر علی شاہ نے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تاریخی منصوبہ ہے جس سے موسمیاتی لچک پیدا ہو رہی ہے اور زیتون اور زعفران جیسی قیمتی فصلیں پیدا ہو رہی ہیں جس سے تقریباً 10,000 کسانوں کو مدد ملے گی اور  آمدنی پیدا کرنے اور ملازمت کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔  سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ باغبانی ایک اہم عنصر ہے اور اس طرح کے منصوبے ہمارے کسانوں کی مدد کریں گے جو معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ملک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے اور سیلاب ان میں سے ایک ہے جو براہ راست ہمارے زرعی شعبے کو متاثر کرتا ہے اور اس طرح کے منصوبے تباہی پر قابو پانے کیلئے ضروری ہیں۔ قبل ازیں سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ خیبرپختونخوا نے بتایا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد ممکنہ قابل کاشت اراضی کا مؤثر استعمال ہے تاکہ زیتون کے تیل اور زعفران کی پیداوار کو بڑھایا جا سکے اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو بچایا جا سکے۔  اس کے علاوہ یہ غذائی تحفظ کو بہتر بنانے کیلئے موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کے تناظر میں موسمیاتی لچک کو فروغ دینے میں بھی کردار ادا کرے گا۔