وزیراعظم کی ہدایات کےمطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کےثمرات عوام تک پہنچنےچاہئیں؛ وفاقی وزیرمریم اورنگزیب

7

اسلام آباد،15جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کابینہ اجلاس پرمیڈیابریفنگ میں کہا ہے کہ عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد وزیراعظم نے پٹرول کی قیمت میں 18.50 روپے، ڈیزل میں 40.54 روپے، کیروسین آئل میں 33.81 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 34.71 روپے کمی کا اعلان کیا جس کے بعد کابینہ نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے لئے مکمل مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے تاکہ اس کمی کا پورا فائدہ عوام کو مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دل پر پتھر رکھ کر مشکل فیصلے کئے، اب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں تو اس کا فائدہ عوام کو منتقل ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی اسی وعدے کا تسلسل ہے جو وزیراعظم شہباز شریف نے عوام سے کیا تھا۔