لاہور، 05جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے کسان اتحاد کے مرکزی چیئرمین خالد حسین باٹھ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے کاشتکاروں اور حکومتی حکام پر مشتمل مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی ہدایت دی۔ ورکنگ گروپ مشاورت سے کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز مرتب کرے گا،حتمی تجاویز منظوری کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو پیش کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کاشتکاروں کی مشکلات کا پورا ادراک ہے۔ ورکنگ گروپ کی سفارشات کی روشنی میں کسانوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے،کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں۔ کسانوں کو بلاسود قرضے دینے کا پروگرام بنایا ہے۔ اس ضمن میں بینک حکام سے رابطہ کیا ہے، پوری کوشش ہے کہ اس پروگرام کو جلد شروع کیا جائے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ کاشتکاروں کی سہولت کیلئے گندم کی امدادی قیمت کا اعلان بروقت کیا جائے گا۔اس ضمن میں قومی اقتصادی کونسل میں تجویز پیش کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کی معاشی مشکلات میں کمی کے لئے جو کچھ ہو سکا، کریں گے ۔ایسے اقدامات کرنا چاہتے ہیں جس کسان اپنے پاوں پر کھڑا ہو۔
رانا مشہور احمد خان، چیف سیکرٹری، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔