وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سےاٹلی کے سفیراندریس فیراریس کی ملاقات

15

اسلام آباد،28جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سےاٹلی کے سفیراندریس فیراریس  نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت تعلقات کے فروغ، سکیورٹی اور امیگریش کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان سے اٹلی کیلئے غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ روکنے کے حوالے سے تجاویز پرگفتگو ہوئی۔

 وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کی روک تھام دونوں ممالک کا مشترکہ ہدف ہے،غیر قانونی امیگریشن روکنے کیلئے انتظامی اورتکنیکی اقدامات کے نتا ئج  بہت حوصلہ افزا ہیں،انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد ملک کا تشخص خراب کرتے ہیں۔انکے خلاف کارروائی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹلی میں موجود پاکستان نژاد شہری باہمی تعلقات مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

اٹلی کے سفیر کہا کہ پاکستان اوراٹلی کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کے خاتمے سے متعلق پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اداروں کی بہتر کوارڈینیشن سے انسانی سمگلنگ کا خاتمہ ممکن ہو گا۔