اسلام آباد ۔19جولائی (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب نے گذشتہ چھ ماہ میں 75ازخود نوٹس لئے، تاجروں کی 3ہزار شکایات میں سے2650کا ازالہ کیا گیا ، گذشتہ برس ٹیکس گزاروں کے پھنسے ہوئے آٹھ ارب روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔یہ اعدادو شماروفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پرچیمبر ہائوس میں پیش کیے ۔وفاقی ٹیکس محتسب نے تاجروں کے اجلاس سے خطاب بھی کیا۔اس موقع پر صدر چیمبر ندیم رئوف، گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر عاصم ملک، نائب صدر طلعت اعوان، سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، انجمن تاجران کے نمائندے، ایف ٹی او عہدیدار، اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔ ایف ٹی او کی چھ ماہ کی کارکردگی پر پریذینٹیشن میں بتایا گیا کہ وفاقی ٹیکس محتسب نے جنوری 2022سے جون 2022کے دوران مجموعی طور پر 75ازخود نوٹس لئے اورکاروباری حلقوں کی جانب سے 3ہزار شکایات موصول ہوئیں جن میں سے2650کا فوری ازالہ کردیا گیا۔اسی طرح شکایات کے ازالے کا وقت 68دن سے کم کرکے 40دن کردیا گیا ہے۔ وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہاکہ ٹیکس دہندگان کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کے لیے ایف ٹی او سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ٹیکس دہندگان کے مسائل حل کررہاہے۔ہمارا مینڈیٹ لوگوں کے مسائل حل کرنا ہے انہوں نے کہا کہ میں ٹیکس دہندگان کا وکیل ہوں، پچھلے سال ٹیکس گزاروں کے پھنسے ہوئے آٹھ ارب روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔ میڈیا نے ہمارا پیغام بہتر انداز میں آگے بڑھایا ہے۔ پوائنٹ آف سیلز کے سینکڑوں کیس حل کیے گئے ہیں، چھ علاقائی دفاتر قائم کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر صدر چیمبر ندیم رئوف نے کہا کہ ایف ٹی او کا تاجر برادری کے ساتھ رابطہ بہتر ہوا ہے، یہ چوتھا موقع ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب راولپنڈی چیمبر تشریف لائے ہیں، مسلسل رابطوں سے نہ صرف ٹیکس مسائل حل ہوئے ہیں بلکہ ایف ٹی او کے بارے میں آگاہی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔گروپ لیڈر آر سی سی سی آئی سہیل الطاف نے کہا کہ ایف ٹی او کی جانب سے بزنس ایڈوائزر کی تقرری ایک خوش آئند اقدام ثابت ہوا ہے جس سے نہ صرف ٹیکس کے مسائل حل کرنے میں مدد ملی ہے بلکہ تاجربرادری کا ایف ٹی او کے ساتھ ایک پارٹنرشپ کا رشتہ استوار ہوا ہے۔ اس موقع پر سوالات و جوابات کی نشست بھی ہوئی۔جس میں تاجروں کے سوالات کے مدلل جوابات دیئے گئے ۔