وہاڑی؛ خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق ؓ  کے یوم شہادت سلسلہ میں  امن سیمینار کا انعقاد

34

وہاڑی ،31 جولائی  (اے پی پی ): یکم محرم الحرام خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے یوم شہادت سلسلہ میں بلدیہ ہال میں امن سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ایم این اے طاہر اقبال چوہدری، ڈی سی، ڈی پی او وہاڑی، چیف آفیسر بلدیہ عالم دین حافظ حبیب الرحمٰن، علامہ غلام قنبر عسکری، شیخ عبد الطیف، صدر انجمن تاجران ارشاد بھٹی نے بھی شرکت کی۔

 مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عمر فاروق ؓ  کی شہادت اور امن سیمینار کا مقصد امن و امان کی فضا کو مستحکم کرنا ہےآج ہم جس شخصیت کو یاد کر رہے ہیں وہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ وہ ہستی ہیں جن کے اسلام میں داخل ہونے سے دین کے غلبہ کو تقویت ملی، انہوں نے امن کو قائم کرنے کے لئے اپنی پوری زندگی وقف کردی اور انہوں نے ہمیشہ اس فرمان کو یقینی بنایا کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ لو اور تفرقہ میں نہ پڑو۔

 محرم الحرام کی سیکیورٹی پر بات کرتے ہوئے ضلعی افسران کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق کی پابندی پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا، امن و امان کے لئے سوشل میڈیا پر ایسی پوسٹ سے گریز کریں جس سے کسی کی دل آزاری ہو نبی کریم ﷺ کے گنبد خضریٰ کے نیچے ہم سب ایک ہیں اور پر امن ہیں، حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ مراد رسول ہیں، نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سیرت اور نقش قدم ہمارے لئے راہ نجات ہے  جب تک خلفہ راشدین اور اہل بیت کے اسباق سلیبس میں شامل نہیں کرتے ہم آنے والی نسلوں کو بہتر نہیں بنا سکتے تمام مجالس اور جلوسوں کی مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ  یکم محرم الحرام پر امن سیمینار سے ہر طبقہ تک امن کا پیغام جاتا ہے، اس کا سہرا ملی یک جہتی کونسل کے سر ہے ہمیں آج کے دن سے تہیہ کرنا ہے کہ، خلفاء راشدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو ترقی کی طرف لے جانا ہے۔