سکھر؛محرم الحرام کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس، سیکورٹی  انتظامات کا   جائزہ لیا  گیا

30

سکھر،30جولائی(اے پی پی): محرم الحرام کے حوالے سے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے   سکھر رینج آفس میں بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کی  صدارت کی ۔ اجلاس میں یکم تا عاشورہ محرم اور بعداذاں چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر ترتیب دیئے جانیوالے کنٹی جینسی پلان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اپنی جانب سے مزید ضروری تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔

اجلاس میں ڈی آئی جی سکھر جاوید سونھارو جسکانی، ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک، ایس ایس پی خیرپور ملک ظفر اقبال اور ایس ایس پی گھوٹکی تنویر حسین تنیو نے شرکت کی۔سکھر رینج سے تعلق رکھنے والے اہل تشیع علماء، ذاکرین اور منتظمینِ جلوس و مجالس پر مشتمل سکھر، خیرپور اور گھوٹکی کے 09 رکنی وفد نے شرکت کی ۔

وفد کے اراکین نے رواں سال یکم تا دس محرم پولیس کی جانب سے فول پروف کنٹی جینسی پلان کی ترتیب اور اسکے تحت اختیارکردہ مجموعی سیکیورٹی اقدامات  پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور اپنی جانب سے پولیس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

آئی جی سندھ نے  ڈی آئی جی سکھر کو ہدایات دیں کہ مرتب کیئے جانیوالے محرم کنٹی جینسی پلان میں یکم تا عاشورہ محرم کے سیکیورٹی اقدامات سمیت چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر بھی تمام جلوسوں،مرکزی جلوس،مجالس ودیگر اجتماعات کی سیکیورٹی کو انتہائی ٹھوس اور فول پروف بنایا جائے اور اس حوالے سے رینجرز سندھ وقانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں/انٹیلی جینس ایجینسیوں سے مربوط روابط پر خصوصی فوکس رکھا جائے جبکہ محرم کنٹی جینسی پلان کی ترتیب میں اہل تشیع اور  علماء/ذاکرین کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور مشاورت کو بھی شامل کیا جائے۔

اجلاس کے اختتام پر وفد کے شرکاء نے ملک وقوم کی ترقی خوشحالی اور سالمیت کی مشترکہ طور پر دعا کی۔ وفد  میں علامہ ریاض حسین صدرشیعہ علماء کونسل،سید رکھیل شاہ وائس چیئرمین شیعہ رابطہ کاؤنسل،سید عالم موسوی ممبر پیس کمیٹی، ،سید سرکار نقوی  ،سید امتیاز شاہ ،چودری متاہر حسین، مولوی اختر حسین لوند ڈسٹرک پریزیڈنٹ شیعہ علماء کونسل گھوٹکی، ظفر لاشاری جنرل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل گھوٹکی،رضا مہدی رند جنرل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل تعلقہ اوباڑو شامل تھے۔