اسلام آباد، 29 جولائی (اے پی پی ): علامہ اقبال یونیورسٹی کی ہسٹری چئیر کے زیر اہتمام “زبانی تاریخ ، تصور ، حکمت عملی اور نقطہ نظر” کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں ترکی کی ابن خلدون یونیورسٹی سے پروفیسر رمضان آراس، لمس یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر فرخ خان اور سینٹر انسٹی ٹیوٹ آف ہسٹری جی سی یو لاہور کے چیئرمین پروفیسر حسین احمد خان نے زبانی تاریخ کے موضوع پر تفصیلی روشنی ڈالی جبکہ علامہ اقبال یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلرڈاکٹرمحمودالحسن بٹ بھی سیمینار میں موجود تھے۔
سیمینار کے بعد اے پی پی سے گفتگو میں علامہ اقبال یونیورسٹی کی ہسٹری چئیر کی چئیر پرسن ڈاکٹر ثمینہ اعوان نے اے پی پی سے گفتگو میں کہا کہ علامہ اقبال یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے یونیورسٹی میں تین نئی چیئرز کا آغاز کیا ہے ، جن میں سے ایک ہسٹری چیئر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زبانی تاریخ کہیں بھی نہیں پڑھائی جا رہی ، اس چیئر کے ذریعےہم پاکستان کی پبلک یونیورسٹیز میں بھی اور پرائیویٹ یونیورسٹیز میں بھی اس شعبے کو متعارف کرائیں گے اور اس کی بنیادتقسیم کے بعد کےپاکستان کی انٹیلی جنشیا کے انٹرویوز پر مبنی ہو گا اور اس میں موجود معلومات تاریخ کا حصہ ہوں گی اور اس کے اندر ذاتی تجربات بھی ہوں گے۔
ڈاکٹر ثمینہ اعوان نے کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے مکالمے ہوں گے اور اس کے بعد ہم نیشنل اور بین الاقوامی سطح پر اس کو جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کو بھی اس سارے پروگرام میں خصوصی طور پر شامل کیا جائے گا۔











