لاہور25جولائی ( اے پی پی ) چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔اجلاس میں یوریاکھاد کی دستیابی، سمگلنگ کی روک تھام اور ڈینگی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سمگلنگ میں استعمال ہونی والی ٹرانسپورٹ کے مالکان کیخلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا کہ سمگلنگ میں استعمال ہونے والی ٹرانسپورٹ کو مقدمے کا فیصلہ ہونے تک تحویل میں رکھا جائے، سرحدی اضلاع سے یوریا کھاد، گندم اور آٹے کی سمگلنگ کی رپورٹس مل رہی ہیں۔ڈی جی خان، رحیم یار خان،اٹک اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز کو سمگلنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات کریں یوریاکھاد کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائیگااور کھاد کی گرانفروشی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد ڈینگی کیسز میں اضافے کا خدشہ ہےتمام اضلاع میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے۔مانیٹرنگ، سرویلنس اور رپورٹنگ کے عمل کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائےڈپٹی کمشنرز ڈینگی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کی خود نگرانی کریں۔تمام ڈویژنل کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کو بریفنگ دی اور بتایا کہ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ڈی جی خان میں 24چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں آج گوجرانوالہ میں 14سو بوری سمگل کی جانیوالی گندم کو ضبط کرلیا گیا سمگلنگ کیخلاف کارروائیوں میں راولپنڈی میں اب تک 74مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں زراعت، صنعت کے محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ،تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔