گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے  ڈنمارک کی سفیر لز روز ہوم کی ملاقات

6

لاہور، 16 جولائی  (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے  ڈنمارک کی سفیر لز روز ہوم    نے ہفتہ کو یہاں  ملاقات کی۔ملاقات کے دوران قابل تجدید توانائی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے  لز روز ہولم کو اسلامو فوبیا  اور ناموس رسالت ۖ  کے حوالے سے پاکستانیوں کے جذبات سے  آگاہ کیا۔ڈنمارک کی سفیر نے گورنر پنجاب کے خیالات سے مکمل اتفاق کیا۔

گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کے جذبات کا احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی ہی آگے اکٹھا بڑھنے اور ترقی کرنے کا جزوِلازم ہے۔  انہوں نے کہا کہ  وزیر اعظم   محمد شہباز شریف اور پنجاب حکومت توانائی کے متبادل زرائع بالخصوص شمسی توانائی کو زیادہ سے زیادہ فروغ دے رہی ہے، رینیوایبل انرجی کے فروغ سے  ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور بجلی کی کمی کو بھی پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سابق دور حکومت میں قائم کیا گیا قائداعظم سولر پارک بہاولپور ایک ماحول دوست منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں کی تعلیم دینا حکومت کی ترجیح ہے، ڈیجیٹل سکلز کی تعلیم سے  ملک کی ڈیجیٹل ایکسپورٹس میں اضافہ ہو گا، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔

لز روز ہولم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈنمارک میں پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات بڑھ رہی ہیں،پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات ڈنمارک میں پسند کی جا رہی ہیں۔انہوں  نے کہا کہ ڈنمارک  پاکستانی یونیورسٹیوں کے ساتھ اشتراک سے ڈیجیٹل سکلز پاکستانی نوجوانوں میں منتقل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔