رحیم یارخان،11 اگست(اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا ، تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے کیا گیا۔ تقریب میں اقلیتوں کی پاکستان کی تعمیر وترقی و خوشحالی کے لئے دی جانے والی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔تقریب کے مہمانان خصوصی ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ، ایم پی اے چوہدری آصف مجید تھے۔
تقریب کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ہم پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کی 75ویں ڈائمنڈ جوبلی تقریبات ہم تجدید عہد کے ساتھ منار ہے ہیں۔
ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہے،اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔
ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے کہا کہ اقلیتوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہمارا عزم ہے اورکہا کہ آئین و قانون نے ہر شخص کا حق طے کر رکھا ہے۔اقلیتی رہنما گروسکھ دیو جی کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیاکا خوبصورت اور پُر امن ملک ہے۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) ریاست علی، صدر چیمبر آف کامرس چوہدری جاوید ارشاد اقلیتی رہنما بھیا رام انجم، شاہد سلیم سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔











