رینالہ خورد،21اگست(اےپی پی): ڈپٹی کمشنرعرفان علی کاٹھیانے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ضلع میں انسداد پولیو مہم کو ثمر اور بنانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی اور تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں 22اگست سے شروع ہونے والی انسداد پولیومہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنرعرفان علی کاٹھیانے کہا کہ علماء و مشائخ ، صحافی ، اساتذہ ،تاجر ، غیر سرکاری تنظیمیں اور معاشرہ کے صاحب الرائے لوگ پاکستان کو پولیو فری بنانے میں آگے آئیں، بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کی صحت سے جڑے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں 6لاکھ 27ہزار 114بچوں کو انسداد پولیو کی ویکسئین کے قطرے پلانے کا ہدف ہے جس کے حصول کے لئے محکمہ صحت اور تمام متعلقہ ادارے طے شدہ ایس او پیز کے مطابق فیلڈ میں مصروف عمل ہیں اور انشاء اللہ ہم کامیابی سے اپنا ہدف حاصل کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے 5سال سے کم عمر کے بچوں کو انسدا د پولیو کے قطرے پلانے کی اس مہم میں محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں تاکہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔