اوورسیز پاکستانیوںکی شکایات کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی؛ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری

10

اسلام آباد، 26 اگست (اے پی پی ): وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

جمعہ کو یہاں اجلاس کی صدارت کرتے  ہوئے وفاقی وزیر کا  کہنا تھا کہ پاکستانی ورکرز و پروفیشنلز کو بیرون ممالک مفت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری، ڈی جی بیورو آف امیگریشن، ڈی جی اورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن و دیگر سینئر افسران  نے  وفاقی وزیر کو بریفنگ دی جس پر وفاقی وزیر نے  سمندر پار پاکستانیز کا پروٹیکٹر کے عمل کو تیز، شفاف و آسان بنانے کے لیے پروٹیکٹر آفس کی ڈیجیٹلائزیشن کی ہدایت کی ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ  پاکستانی ورکرز اور پروفیشنلز سے سروسز کی مد میں 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کی فیس کو  ختم کیا جا رہا،وزارت فیس خاتمے کی سمری منظوری کے لیے جلد کابینہ کو بھجوائی گی۔بنوں، ایبٹ آباد، سکھر، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں پروٹیکٹر آفسز جلد قائم کئے جائیں گے۔

ساجد حسین طوری  نے کہا کہ تین سالوں سے زیر التواء اورسیز پروموٹر لائسنسز جاری کئے گئے،خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لئے جلد سمری تیار کی جائے تاکہ اداروں کی کارکردگی بہتر ہوسکے جبکہ  غیر قانونی سرگرمیوں اور کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ  کمیونٹی ویلفیئر اتاشییز سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کارکردگی بہتر کریں، کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے تمام کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کا ہر پندرہ روزہ آن لائن میٹنگ منعقد کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ  ویلفئیر اتاشی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے مسائل کے ازالے اور فلاح و بہبود کے لیے آسان رسائی فراہم کرے،  سمندر پار پاکستانیوں کی ہر قسم کی تعاون و مسائل کے لئے وزارت کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔

ساجد حسین طوری نے کہا  کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر سمندر پار پاکستانیز کے لئے آن لائن کمپلنٹ پورٹل کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے،او ای سی پاکستانی افرادی قوت کی برآمدی کے لئے مختلف ممالک میں مواقع تلاش کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ   او ای سی افرادی قوت برآمدی کے لیے ٹریننگ اور غیر ملکی زبانوں سیکھانے کے کلاسز کا آغاز کریں۔