اوکاڑہ،20اگست (اے پی پی): یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمدواجد نے سروسز سپورٹس کنٹرول بورڈ کے صدر ریر ایڈمرل عبد الباسط بٹ سے راولپنڈی میں ملاقات کی اور دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور دلچسپی کے امور پہ بات چیت کی۔مختلف کھیلوں کی کوچنگ اور انعقاد کےلیے مل کر کام کرنے پہ اتفاق رائے ہوا۔ یونیورسٹی کے شعبہ شماریات کے سربراہ ڈاکٹر مقصود احمد بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔ریرایڈمرل عبدالباسط نے یونیورسٹی میں عملی تحقیق اور پیشہ وارانہ تربیت کی اہمیت پہ زور دیا۔ ان کا کہنا تھاکہ اس سے ملک میں کھیلوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ وائس چانسلر نے اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق میں سروسز بورڈ کو شامل کرنے کا وعدہ کیا۔
سروسز بورڈ کے سیکریٹری لیفٹننٹ کرنل شبیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے اوکاڑہ یونیورسٹی کی تحقیق سے سروسز بورڈ کو حاصل ہونے والے ممکنہ فوائد پہ بات کی۔
پروفیسر واجد نے جوائنٹ اسٹاف پبلک اسکول اور کالج کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے پرنسپل برگیڈئیر ریٹائرڈ ڈاکٹر افضل سلیمی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں سربراہان نے اس بات پہ اتفاق کیا کہ تعلیم اورمعاشرتی ترقی باہمی لازم و ملزوم ہیں۔ انہوں نے معاشرے میں مثبت تبدیلی پیدا کرنے کےلیے فنی تعلیم اور اسلامی نظریات کے فروغ کی اہمیت پہ زور دیا۔