اٹک؛ ماں کے دودھ کی افادیت سے متعلق پبلک ہیلتھ نرسنگ سکول میں سیمینار کا انعقاد

12

اٹک،29 اگست (اے پی پی): ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی و ایم این آر سی ایچ کے تحت پبلک ہیلتھ نرسنگ سکول اٹک میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمہ صحت و پاپولیشن ویلفیئر کی فیملی ہیلتھ ورکرز ایل ایچ ایس نرسنگ سٹوڈنٹس نیوٹریشن آفیسرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

 سیمینارز سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ثمن عباس، چیف ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر جواد الہی اور ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ظفر اقبال رحمانی نے کہا کہ ماں کے دودھ کی افادیت ایک مسلمہ حقیقت اور اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے جس سے ماں اور بچہ صحت مند رہتے ہیں۔

 ڈائریکٹر آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر سعید اختر نے 29اگست سے 3ستمبر تک جاری رہنے والے بریسٹ فیڈنگ ویک کے اہداف اور مقاصد پر روشنی ڈالتے ہو ئے  بتایا کہ اس ہفتہ ایل ایچ ایس  اور ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر دو سال چھ ماہ تک کے بچوں حاملہ خواتین دودھ پلانے والی خواتین اور Adalocents کو رجسٹرڈ کریں گے LHWs دودھ پلانے پر صحت کی تعلیم دیں گی، چھ ماہ تک خصوصی دودھ پلانا اور دوسال تک مکمل دودھ پلانے کے فوائد اجاگر کریں گی اور ماؤں کو یہ بتائیں گی کہ قدرتی طور پر ماں کا دودھ بچّے کے لیے ایک مکمل اور بہترین غذا ہے۔ ماں کے دودھ کے بنیادی اجزا میں پانی، چربی،لحمیات کے علاوہ مختلف وٹامنز، معدنیات، خوراک ہضم کرنے والے اینزائم اور ہارمونز شامل ہوتے ہیں۔

ڈائریکٹر آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر سعید اختر  نے بتایا کہ ماں کے دودھ میں بیماریوں سے بچاؤ کے لیے قدرتی طور پر اینٹی باڈیز بھی پائی جاتی ہیں، جو کسی بھی قسم کے ڈبّے والے دودھ میں نہیں ہوتیں۔ ماں کا دودھ نہ صرف بیماریوں سے تحفّظ فراہم کرتا ہے، بلکہ رات میں پینے سے بچّے کو کوئی طبّی تکلیف بھی نہیں ہوتی۔   ان کی عمومی صحت، بڑھوتری اور نشوونما مناسب رہتی ہے۔

 مقرین کا مزید کہنا تھا کہ دودھ پلانے والی مائیں کئی طبّی مسائل سے محفوظ رہتی ہیں۔ اگر کوئی ماں کم علمی یا مصروفیات کے سبب بچّے کو اپنا دودھ نہیں پلاتی تو یہ عمل خود اس کی اپنی صحت کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہے۔ دراصل دودھ پلانے والی ماؤں میں بریسٹ کینسر کی شرح کم ہوجاتی ہے۔ ماں کا دودھ غذائیت سے بھرپور ہے، اس میں تمام نعمتیں موجود ہیں جو بچے کی نشوونما کے لیے ضروری ہیں۔

بریسٹ فیڈنگ ویک کے سلسلہ میں ضلع بھر کے تحصیل ہیڈ کوارٹر آر ایچ سی بنیادی مراکز صحت جی آر ڈی ایم سی ایچ سنٹرز میں واک کا اہتمام اور بینرز آویزاں بھی کئے گئے ہیں۔ اس ویک میں خصوصی طور پر سیمینار اور آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے جس میں شرکاء ماں کے دودھ کی افادیت کے حوالے سے آگاہی بینرز اور پلے کارڈ کے ذریعے عوام الناس میں بریسٹ فیڈنگ کی اہمیت پر زور دیں گے۔

 ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام اس سیمینار میں گائنا کالوجسٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسفند یار بخاری ہسپتال اٹک پاپولیشن ویلفئیر کی سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر انیقہ ڈاکٹر کنیزفاطمہ نے بھی خصوصی طور پر اپنے سٹاف کے ہمراہ شرکت کی۔