پاکپتن، 02 اگست (اے پی پی):برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رحمت اللہ علیہ کے 780وی سالانہ عرس کی تقریبات پاکپتن میں جاری ہیں۔محکمہ اوقاف حکومت پنجاب کی جانب سے درگاہ بابا فریدؒ پر رنگ برنگی لائٹوں اور برقی قمقموں سے خوبصورت چراغاں کر دیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے درگاہ پر کنٹرول روم قائم کر کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے درگاہ کے چاروں اطراف مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور سخت چیکنگ کے بعد زائرین کو درگاہ میں داخلہ کی اجازت دی جا رہی ہے۔سجادہ نشیں درگاہ بابا فرید ؒدیوان مودود مسعود چشتی فاروقی کی طرف سے زائرین میں صدیوں پرانے اور روائتی تبرکات بھی تقسیم کئیے جا رہے ہیں۔طول و ارض سے آنے والے زائرین کی طرف سے ملک و قوم کی سلامتی کے لئیے بھی خصوصی دعائیں کی جا رہی ہیں۔بہشتی دروازہ کی قفل کشائی 5محرم الحرام کو کی جائے گی۔











