کوئٹہ،29 اگست(اے پی پی ): بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فضائی ریلیف آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے، حکومت بلوچستان کے ہیلی کاپٹر کی مسلسل پروازیں جاری ہیں۔
آج صبح ہیلی کاپٹر کے زریعہ دو ہزار کلو گرام سے زائد امداد ی اشیاء کو نوشکی پہنچایا گیا ، امدادی سامان میں خیمے، راشن پیکٹ، خوراک، پانی کی بوتلیں شامل ہیں۔سیلابی پانی میں محصور متاثرین تک امدادی سامان نچلی پرواز کے زریعہ ائر ڈراپ کیا گیا ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے اپنے ایک پیغام میں ہیلی کاپٹر کے پائلٹ اور دیگر عملے کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹ اور انکے عملے کی انتھک محنت اور کارکردگی قابل ستائش ہے، فضائی ریلیف آپریشن سے متاثرین تک رسائی اور امدادی سامان کی ترسیل ممکن ہو رہی ہے۔











