بورے والا،20اگست(اے پی پی):پنجاب بھر کی طرح ضلع وہاڑی میں بھی انسداد پولیو مہم کا افتتاح ڈپٹی کمشنر وہاڑی چوہدری صفدر حسین ورک اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک نے بچوں کو قطرے پلا کر کردیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ 5 سال تک کے بچوں کو ہر بار دو قطرے ضرور پلائیں تاکہ بچے ہمیشہ کی معذوری سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پیئے بغیر نہ رہے ہم سب نے ملکر پولیو کے خلاف جہاد کرنا ہے۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک نے کہا کہ ضلع بھر میں 6 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے ضلع بھر میں 2374 ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔ تمام ٹیمیں گھروں،بس اڈوں،ریلوے اسٹیشن پر جاکر بچوں کو قطرے پلائیں گی جن کی باقاعدہ خود نگرانی کروں گا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خالد محمود گیلانی اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شاہد اقبال بھی موجود تھے۔