جن ورکرز نے اداروں کے خلاف ٹویٹس کیں فیس بک پوسٹس لگائیں انکی کی مالی سرپرستی کی جاتی ہے ؛ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

31

سیالکوٹ، 6اگست  (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سانحہ لسبیلہ کی شہادتوں پر پی ٹی آئی کے ورکرز کا ردعمل افسوس ناک ہے، جن ورکرز نے اداروں کے خلاف ٹویٹس کیں فیس بک پوسٹس لگائیں انکی کی مالی سرپرستی کی جاتی ہے۔

ہفتہ کو  یہاں  پریس  کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ گزشتہ روزجو لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثہ ہوا جس میں سینئر فوجی آفیسران اور عملہ کی شہادتیں ہوئیں اس پرسوشل میڈیا پر پی ٹی آئی ورکرزکاجو ردعمل آیا وہ ہماری سیاسی تاریخ کی سب سے بڑی گراوٹ تھی،رنج وغم کا اپنا تقدس ہوتا ہے اور جب یہ رنج وغم وطن کے دفاع کے لئے جان نچھاور کرنے والےشہداء کے لئے ہو اور انہیں موضوع بحث بنانا اور حادثے،دفاعی ادارے اوراس کی قیادت کے بارے میں ایسے الفاظ کاسوشل میڈیا پر استعمال پستی کی انتہا ہے۔یہ سیاست نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحد کے اس پار ہمارے دشمن کی 75 سال سے یہ خواہش ہےکہ پاکستان کی فوج کمزور ہو اس کے لئے ہم نے دشمن کے ساتھ کئی جنگیں لڑیں، اب ان کو جنگ کی ضرورت نہیں ہمارے اندر سے ایسے لوگ پیدا ہوگئے ہیں جو اداروں کو نشانہ بناتے ہیں،سانحات کے حوالے سے افواہیں پھیلاتے ہیں،جس سے جان قر بان کرنے والوں کی یاد جو قیامت تک رہے گی اس کی بھی توہین ہوتی ہے۔

 وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ایک سیاسی ورکر اورجن لوگوں نے ایسے ٹویٹ کئے یا سوشل میڈیا پر پوسٹیں کیں ان کی باقاعدہ مالی معاونت کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتدار آنی جانی چیز ہے،75 سالوں میں ماضی میں کئی بار عوامی نمائندوں کو اقتدار ملا،کئی انتخابات پراعتراضات اٹھے،کئی الیکشن منیج ہوئے،کئی سپانسرڈ ہوئے لیکن اتنی اخلاقی پستی نہیں دیکھی، پھر 2018 میں ایک ایسے شخص کو اقتدار میں لایا گیا،جو کہتا ہے کہ مجھے اقتدار کے لئے سہارا دیں،ہرآنے والے الیکشن میں میری سرپرستی کریں۔جب ایسا ہو تو پھر میں آپ کے قصیدے پڑھوں اہم اجلاسوں کی صدارت کروائوں اوراقتدار چھن جائے تو گالم گلوچ کروں یہ احسان فراموش لوگوں کا کام ہے۔