وزیر اعظم نے سیلاب زدگان کے ریلیف کے لئے پانچ ارب روپے فوری جاری کرنے کی ہدایت دی ہے؛ مریم اورنگزیب

25

اسلام آباد،6اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہوزیر اعظم نے سیلاب زدگان کے ریلیف کے لئے پانچ ارب روپے فوری جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔

 ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے ملک میں سیلاب کی صورتحال سے قوم کو آگاہ رکھنے پر الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے امدادی سرگرمیوں اور سیلاب کی صورتحال سے عوام کو ہر وقت آگاہ رکھا اور ہمیں بھی میڈیا رپورٹس سے رہنمائی ملتی رہی، ہم این ڈی ایم اے اور پی ایم ڈی ایز کی رپورٹس کا میڈیا کی رپورٹس سے موازنہ کرتے رہے۔  انہوں نے کہا کہ وزیراعظم خود سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جس جگہ امداد کی ضرورت ہے وہاں فوری امداد پہنچائی جائے اور اس حوالے سے اختیار کو بعد میں دیکھا جائے۔

وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ پانچ ارب روپے فوری طور پر این ڈی ایم اے کو جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر ریلیف فنڈ میں مخیر حضرات سمیت ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا چاہئے، ماضی میں بھی ہم نے آفت زدہ علاقوں میں اپنے لوگوں کی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سیلاب زدہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، آج صوبوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے صوبوں میں سیلاب زدہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیں تاکہ ریلیف کی سرگرمیاں زیادہ متحرک ہو سکیں۔