حیدرآباد، 29 اگست(اے پی پی):سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کی جانب سے جوڈیشل ممبران جسٹس (رٹائرڈ) ارشد نور خان، رٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اسلم جبکہ کمیٹی ممبران پشپا کماری اور ایم پرکاش کے علاوہ ٹھاکر ظہیر، حسین اور سرفراز جمالی نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے ضلع حیدرآباد میں برسات متاثرین کیلئے قائم کردہ ریلیف کیمپس اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرامز کے تحت متاثرین کو امدادی رقم دینے کیلئے قائم کیے جانے والے مراکز کا دورہ کیا۔
کمیشن نےتعلقہ قاسم آباد میں ڈائریکٹر انڈسٹریز حیدرآباد کے دفتر میں قائم ریلیف کیمپ اور قاسم آباد کے ہائیر سیکنڈری اسکول میں بینظیر انکم سپورٹ مرکز کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ افسران کوہدایت کی کہ وہ متاثرین کو طبی سہولیات سمیت انہیں تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں جس پر متعلقہ افسران نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کو دو وقت کا کھانا اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
کمیشن نے تعلقہ لطیف آباد کے جبل چھٹو میں قائم ریلیف کیمپ اور تعلقہ دیہی کے علاقے ٹنڈو حیدر میں ریلیف کیمپس کا بھی دورہ کیا اور وہاں سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔











